The news is by your side.

پاکستان اور آسٹریلیا ٹیسٹ میچ میں شائقین کیلئےکیا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے؟

0

رتھ اسٹیڈیم میں 14 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کےشائقین کرکٹ کے لیے خصوصی پہاڑی ’دی ویسٹ ہل‘ بھی بنائی جارہی ہے۔

ویسٹرن آسٹریلیا کی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے، اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ہر ٹیسٹ میچ اب ’دی ویسٹ ٹیسٹ‘ کے نام سے کہلایا جائے گا جس کا اطلاق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔

یہ ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے شروع ہو گا، سیریز کا دوسرا میچ پہلے ہی باکسنگ ڈے ٹیسٹ جب کہ تیسرا میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پرتھ اسٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی کی تیاری

شائقین کرکٹ کو بہترین ماحول اور نظارہ فراہم کرنے کے لیے پرتھ اسٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی بنائی جا رہی ہے جسے ’دی ویسٹ ہل‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پہاڑی تاریخی واکا اسٹیڈیم کی طرح شائقین کرکٹ کو کھیل کا بہترین نظارہ فراہم کرے گی، یہاں 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

’دی ویسٹ ہل‘ پر فیملیز کے بیٹھنے اور بچوں کے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز کرکٹ آسٹریلیا جوئیل موریسن کا کہنا ہے کہ ’دی ویسٹ ٹیسٹ‘ اور ‘دا ویسٹ ہل‘ نہ صرف شائقین کرکٹ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا ایک شاندار تجربہ دیں گے بلکہ آسٹریلین سمر آف کرکٹ کو بھی ایک نئی جدت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد گزشتہ سال آسٹریلیا مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان نے آسٹریلیا اور پاکستان کی تاریخی رائیولری کو دوبارہ زندہ کردیا ہے لہٰذا ’دی ویسٹ ٹیسٹ‘ سے متعلق اعلان کا یہ موزوں وقت ہے۔

’دی ویسٹ ٹیسٹ‘ ویسٹرین آسٹریلیا کے لیے فخر کا مقام ہے: سی ای او ڈبلیو اے کرکٹ
سی ای او ڈبلیو اے کرکٹ کرسٹینا میتھیوز کا کہنا ہے کہ ’دی ویسٹ ٹیسٹ‘ ویسٹرین آسٹریلیا کے لیے فخر کا مقام ہے کیونکہ اس سے ان کا شاندار اسٹیڈیم اور یہاں کی سہولیات دنیائے کرکٹ تک پہنچیں گی۔

وہ آئندہ سالوں میں بھارت اور انگلینڈ کی آمد کے موقع پر ویسٹ ٹیسٹ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر تعاون کرنے کے منتظر ہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو