مدیحہ امام کا شادی کے 5 ماہ بعد ولیمہ، تصاویر جاری
رواں سال مئی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی خوب رو اداکارہ اور میزبان مدیحہ امام اور ان کے شوہر موجی بسر نے شادی کے ساڑھے 5 ماہ بعد اب دعوتِ ولیمہ کا انعقاد کیا ہے جس کی تصاویر بھی شیئر کر دی ہیں۔
مدیحہ امام نے پہلے دیارِ غیر میں خاموشی سے شادی کی اور اب خاموشی سے ولیمہ بھی کر لیا، بعد ازاں تقریبات سے فارغ ہو کر سوشل میڈیا پر اعلان کیا اور تصاویر و ویڈیو بھی شیئر کر دیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے گزشتہ روز حال ہی میں ہونے والے اپنے ولیمے کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ ان کا ولیمہ 26 اکتوبر کو دبئی میں منعقد ہوا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں مدیحہ امام ولیمے کے موقع پر غیر روایتی انداز میں نظر آ رہی ہیں۔
ولیمے کے موقع پر جہاں عموماً ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے وہیں روایت سے ہٹ کر مدیحہ نے شادی کی طرح ولیمے کی تقریب کے کپڑوں کے لیے بھی گلابی و گہرے سرخ رنگ کا انتخاب کیا، ان کا جوڑا معروف ڈیزائنر ایچ ایس وائی نے ڈیزائن کیا ہے۔
اس موقع پر مدیحہ امام کے شوہر موجی بسر کو سیاہ رنگ کے کوٹ پینٹ میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ مدیحہ امام کے شوہر موجی بسر کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے ہے اور انہوں نے بالی ووڈ کی فلم ’لکا چھپی‘ میں بطور پروڈکشن منیجر جبکہ ’دی سِکھ‘ میں بطور رائٹر اور پروڈیوسر فرائض انجام دیے ہیں۔
اداکارہ کی پوسٹ پر ان کے پرستاروں اور مداحوں کے ساتھ ساتھ ساتھی فنکاروں نے بھی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔