عراق: شادی ہال میں آتشزدگی، دلہن کے والد بھی انتقال کرگئے
شمالی عراق کے علاقے نینویٰ کے شہر الحمدانیہ کے شادی ہال میں آگ لگنے سے زخمی ہونے والی دلہن حنین کے والد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
یوں اس المناک حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 119 ہو گئی ہے۔
عراقی میڈیا کے مطابق 18 سالہ حنین آتشزدگی میں اپنی والدہ اور بھائی کو بھی کھو چکی ہیں
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیاہ لباس میں ملبوس حنین اپنے والد کے جنازے میں شرکت کے موقع پر غم سے نڈھال تھیں۔
تحقیقات کے مطابق شادی ہال میں آتشزدگی کوتاہی کا نتیجہ تھی۔ منتظمین نے آگ سے بچاؤ کے انتظامات نہیں کیے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق 28 ستمبر کو شادی ہال میں آتشزدگی کے وقت ایک ہزار سے زائد افراد تقریب میں شریک تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آتش بازی کو آگ لگنے کا سبب قرار دیا گیا۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی اکثریت جھلسنے اور دم گھٹنے سے متاثر ہوئی ہے، جائے وقوع پر بھیڑ کو کچلنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔