رضوان کی ‘رگیں کھنچنے’ کے باوجود تباہ کن اننگز، سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آگیا
ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف پاکستانی ٹیم کو شاندار کامیابی دلانے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان پر سوشل میڈیا پر میمز بنائی جارہی ہیں۔
میچ میں پاکستانی اننگز کے دوران رضوان کو کریمپس (رگوں میں کھنچاؤ) پڑنا شروع ہوا، اس کا آغاز اس وقت ہوا جب رضوان نے دوران بیٹنگ ایک گیند کو اچھل کر کھیلنا چاہا، اس کے بعد وہ گرگئے اور انہیں ٹانگ کی رگیں کھنچتی محسوس ہوئیں۔
اس کے باوجود بیٹر کریز پر جمے رہے اور بیٹنگ کرتے رہے یہاں تک کہ سینچری اسکور کی اور پاکستان ٹیم کو فتح دلائی۔
اس میچ میں پاکستان نے لنکن ٹائیگرز کو 6 وکٹوں سے ہرایا، میچ کے بعد جب کرکٹر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تب سائمن ڈول نے رضوان سے ان کے کریمپس سے متعلق سوال کیا۔
جواب میں رضوان نے کہا ‘کبھی کبھار یہ کریمپ ہوتے ہیں لیکن کبھی کبھی اداکاری ہوتی ہے’۔
رضوان یہ جواب دیتے ہی قہقہہ لگانے لگے جب کہ سائمن ڈول بھی ہنس پڑے۔
وقار یونس کا بیان:
دوران میچ محمد رضوان کے کریمپس پر وقار یونس نے تبصرہ کیا اور کہا ‘یقیناً یہ آسان نہیں کہ پہلے 50 اوورز وکٹ کیپنگ کی جائے اور پھر نمبر 4 پر آکر اتنی دیر تک بیٹنگ کی جائے’۔
تاہم رضوان کے اپنے درد سے متعلق کیے جانے والے تبصرے اور درد ہونے کے باوجود اس اننگز پر سوشل میڈیا پر میمز بنائی جارہی ہیں۔