The news is by your side.

پاکستان کی مشہور شوبز شخصیات فلسطین کے حق میں سامنے آ گئیں

0

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے معصوم فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی وحشیانہ حلوں کے خلاف آواز بلند کر دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اداکارہ ارمینہ خان نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میری نظر میں فلسطینی دنیا بھر میں سب سے زیادہ بہادر قوم ہیں، جنہیں کسی کی سپورٹ نہیں اور پوری دنیا ان کے خلاف ہے، میرے خدا میں ان چھوٹے بچوں کے لیے خوفزدہ ہوں جو اس جنگ میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے‘۔

ارمینہ خان نے اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے ایک اور پوسٹ شیئر کی اور لکھا ہے کہ ’وہ لوگ جو شاید یہ نہیں جانتے کہ غزہ ایک کھلا زندان ہے، وہاں کے رہائشیوں کو نہ تو وہاں سے نکلنے کی اجازت ہے اور نہ ہی وہاں آزادی سے جینے کی، انہیں بھوکا پیاسا رکھا جاتا ہے، ان کو قتل کر دیا جاتا ہے لیکن انہیں پھر بھی اپنے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے کی اجازت تک نہیں‘۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس کی تردید کرنے والوں کو چیلنج بھی کیا ہے۔

معروف اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر دو مختلف پوسٹس شیئر کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’فلسطین‘ اور ساتھ میں ٹوٹا ہوا سرخ دل والا ایموجی بنایا ہے۔

انہوں نے دوسری پوسٹ میں فلسطین کی آزادی کا نعرہ بلند کیا اور لکھا کہ ’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا، ان شاء اللّٰہ‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلسطین کے جھنڈے کا نشان بھی بنایا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ و میزبان انوشے اشرف نے لکھا ہے کہ ’ظلم و تشدد صرف مزید تشدد کو جنم دیتا ہے، کاش دنیا فلسطینیوں کی مدد کے لیے کچھ کرے تاکہ یہ خونریزی ختم ہو سکے‘۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی سے متعلق چند خبریں شیئر کی ہیں۔

خیال رہے کہ فلسطینیوں پر کئی برسوں سے جاری مظالم کے بعد حماس کی جانب سے اسرائیل پر 7 اکتوبر کو سمندر، زمین اور فضا سے اچانک حملے کیے گئے تھے۔

اسرائیل نے ان حملوں میں بریگیڈ کمانڈر سمیت 700 سے زیادہ اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ حماس سے پہلے دن کی لڑائی میں 30 اہل کار مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 413 ہو گئی ہے، 2 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو