The news is by your side.

نزلہ زکام سے پریشان؟ تو اس سے نجات دلانے والے آسان طریقے جانیں

0

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر عام نزلہ زکام کا اب تک کوئی مؤثر علاج موجود نہیں بلکہ اس سے نجات کے لیے چند دن تک انتظار کرنا ہوتا ہے۔

اکثر ادویات نزلہ زکام کی علامات کی شدت میں کمی لاتی ہیں جبکہ متعدد قدرتی ٹوٹکوں سے بھی عارضی ریلیف مل جاتا ہے۔

جن میں سے زیادہ بہتر ٹوٹکے درج ذیل ہیں جو نزلہ زکام کی علامات کی شدت میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔

زنک سپلیمنٹ

کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق زنک سپلیمنٹس سے وائرسز جیسے نزلہ زکام کا باعث بننے والے وائرس کی روک تھام یا اس سے لڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔

بیماری کی اولین علامات سامنے آنے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر زنک سپلیمنٹس کے استعمال سے بیماری کی شدت میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

وٹامن سی
اس وٹامن کی نزلہ زکام سے لڑنے کے حوالے سے کافی تحقیقی کام ہوا ہے اور کچھ رپورٹس کے مطابق اس سے نزلے کے دورانیے میں ایک دن کی کمی لانا ممکن ہے۔

مگر نزلہ زکام سے متاثر ہونے کے بعد وٹامن سی کے استعمال سے علامات کی شدت میں کوئی خاص کمی نہیں آتی بلکہ پہلے سے اس کا استعمال عادت بنانا ضروری ہے۔

چکن سوپ
چکن سوپ واقعی نزلے کی علامات کی شدت میں کمی لانے کے لیے مؤثر ہے، یہاں تک کہ اس کی بھاپ کو سونگھنے سے بھی بند ناک کھل سکتی ہے۔

سوپ کو پینے سے جسم میں سیال کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ گرم اور نمکین سوپ گلے کی سوجن کو کم کرتا ہے۔

گرم چائے
یہ مشروب بھی چکن سوپ کی طرح کام کرتا ہے، اس کے بھاپ میں سانس لینے سے بند ناک کھلتی ہے جبکہ اسے پینے سے گلے کو سکون ملتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی دور ہوتی ہے۔

سیاہ اور سبز چائے پینا عادت بنانے سے نزلہ زکام کو دور رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

لہسن
ایک تحقیق کے مطابق لہسن کے سپلیمنٹس کا روزانہ استعمال نزلہ زکام سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

البتہ لہسن کے استعمال سے نزلہ زکام کی علامات کی شدت میں کسی حد تک کمی ضرور آسکتی ہے۔

بھاپ سے مدد لیں
بھاپ میں سانس لینے سے بند ناک کو کھولنے میں مدد ملتی ہے جبکہ نزلے کی علامات کی شدت بھی کم ہوتی ہے۔

نمک ملے پانی سے غرارے
نمک ملے پانی سے غرارے کرنے سے گلے کی سوجن میں کمی آتی ہے جبکہ جراثیموں کا خاتمہ ہوتا ہے۔ دن میں 4 بار غرارے کرنے سے اس حوالے سے مدد مل سکتی ہے۔

وکس
ناک بہنے یا بند ہونے سے حالت کافی خراب محسوس ہوتی ہے جس سے ریلیف کا ایک آسان نسخہ وکس کی کچھ مقدار کو ناک کے نیچے یعنی ہونٹ پر لگانا ہے یا سینے یا گلے پر بھی اس کی مالش کی جاسکتی ہے۔

وکس میں موجود مینتھول سے کھانسی کی شدت بھی کم ہوتی ہے اور سانس کی بند نالیاں کھلتی ہیں۔

ناک پر پٹی کا استعمال
آج کل nasal strips بازار میں عام ملتی ہیں جن کو ناک کے درمیانی حصے میں لگانے سے ناک کے بند راستے کھولنے میں مدد ملتی ہے جس سے نیند کے دوران سانس لینا آسان ہوجاتا ہے۔

 

آرام کریں
نزلہ زکام سے جلد نجات کا ایک اچھا طریقہ آرام کرنا بھی ہے جس سے جسمانی توانائی برقرار رہتی ہے اور جراثیم سے لڑنا آسان ہوجاتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو