نیند کی کمی سے ڈپریشن کے خطرات: ماہرین کی تحقیق
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی ڈپریشن کے امکانات کو بڑھاتی ہے۔ اس حوالے سے سائنسدان ایک طویل عرصے سے حیران تھے کہ آیا ڈپریشن (ذہنی دباؤ) کی وجہ سے نیند نہیں آتی یا نیند کی کمی کی وجہ سے ڈپریشن کی بیماری لاحق ہوتی ہے۔
اب ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ثانی الذکر بات درست ہے یعنی نیند کی کمی کی وجہ سے ذہنی دباؤ کی بیماری ہوجاتی ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ رات میں 5 گھنٹے سے کم نیند کی وجہ سے ذہنی دباؤ کی علامتیں بڑھنے کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
یونیورسٹی کالج لندن کے انسٹیٹیوٹ آف ایپیڈمیولوجی اینڈ ہیلتھ کیئر سے تعلق رکھنے والی اس تحقیقی ٹیم کی مرکزی مصنفہ اوڈیسہ ہملٹن کا کہنا ہے کہ جب ہم نے جینیاتی امکانات کا بیماری سے تعلق کے حوالے سے جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ دراصل نیند کا ڈپریشن سے گہرا تعلق ہے۔ یعنی نیند کی کمی سے ذہنی دباؤ بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے ایسے سات ہزار افراد کا جینیاتی اور صحت کے اعداد وشمار کا تجزیہ کیا جنکی اوسط عمر 65 برس تھی۔