سعودی وزیر خارجہ کی ایران، پاکستان اور ترک وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں
غزہ میں بڑھتی کشیدگی کا جائزہ لینے کیلئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران، پاکستان اور ترک وزرائے خارجہ سےالگ الگ ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر شہزادہ فیصل نے وزرائے خارجہ کو غزہ میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے خلاف سعودی مؤقف سے آگاہ کیا اوربین الاقوامی انسانی قوانین پرعمل درآمد پر زور دیا۔
شہزادہ فیصل نے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں اور غزہ پر بمباری کے دوران شہریوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لایا جائے۔
او آئی سی نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کو جنگی جرم قرار دیکر اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غزہ پٹی کا محاصرہ فوری ختم کیا جائے، اوآئی سی نے عالمی برادری سےغزہ پٹی کیلئے امداد فوری بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔