دنیا کا کون سا مشہور ائیرپورٹ پاسپورٹ فری ہونے جارہا ہے؟
سنگاپور کا مصروف اور خوبصورت چانگی ائیرپورٹ اگلے سال اپنے مسافروں کیلئے پاسپورٹ فری سہولت کو متعارف کروادے گا۔
بیرون ملک ہوائی سفر کرنے کیلئے ائیرپورٹ پر کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے جن میں پاسپورٹ کا دکھانا، اپنے داخلے کا اندراج کروانا، امیگریشن جیسے دوسرے مراحل بھی شامل ہیں جس سے بعض اوقات کوفت ہوجاتی ہے۔
تاہم یہ مشکل اب دنیا کے مشہور اور خوبصورت ائیرپورٹ نے دور کردی ہے، جی ہاں سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ کو پاسپورٹ فری ائیرپورٹ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سنگاپور چانگی ائیرپورٹ بھی جلد خودکار امیگریشن کلیئرنس کو متعارف کروانے والا ہے، جس سے مسافر صرف بائیو میٹرک ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے پاسپورٹ کے بغیر شہر سے بیرون ملک جاسکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایسا کرنے سے سنگاپور چند ان ممالک میں شامل ہوجائے گا جہاں خود کار اور پاسپورٹ فری امیگریشن کلیئرنس کو متعارف کروایا گیا ہے اور اس بات کا اعلان وزیر مواصلات جوزفین ٹیو نے پیر کو ہونے والے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران کیا، جس دوران ملک کے امیگریشن ایکٹ میں کئی تبدیلیاں منظور کی گئیں۔
وزیر مواصلات کے مطابق چانگی ائیرپورٹ پر امیگریشن چیک پوائنٹ پر پہلے سے ہی کسی حد تک بائیومیٹرک ٹیکنالوجی، چہرے کی شناخت کے سافٹ ویئر کا استعمال کیا جارہا ہے، تاہم نئی تبدیلیوں کے بعد مسافروں کو بار بار اپنے سفری دستاویزات بھی نہیں دکھانے پڑیں گے۔
وزیر مواصلات نے یہ بھی واضح کیا کہ چانگی ائیرپورٹ پر تو نہیں لیکن دوسرے ممالک میں پاسپورٹ کی ضرورت ہوگی جس کیلئے مسافروں کو پاسپورٹ کا رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے دبئی بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں مسافروں کے پاسپورٹ کے بجائے چہرے کی شناخت اور فنگر پرنٹس سے تصدیق کی جاتی ہے، اس کے علاوہ ہانگ کانگ میں بھی چہرے کی شناخت کا سسٹم موجود ہے جبکہ ٹوکیو، لندن سمیت دہلی بھی ان ہی اسمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ چانگی ائیرپورٹ دنیا کا سب سے مصروف اور خوبصورت ائیرپورٹ ہے جہاں سے روز اندرون اور بیرون ملک جانے والی 100 سے زائد پروازیں اڑان بھرتی ہیں۔