around.pk
Saturday, 21 November 2026
☀ کراچی 21°☀ لاہور 15°☀ اسلام آباد 13°
صحت

خیبر میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے پانچ کمسن بچے جاں بحق، دو زیرِ علاج

ضلع خیبر کے علاقے قاضیانو کلے میں پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے پانچ کمسن بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچوں کو پشاور کے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ابتدائی ٹیسٹ کلیئر ہونے کے باوجود بیماری کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

around.pk·9 Nov 2026

ضلع خیبر کی تحصیل بازار ذخہ خیل کے علاقے قاضیانو کلے میں ایک ہی خاندان کے سات کمسن بچوں کی طبیعت اچانک بگڑنے کے بعد انہیں فوری طور پر پشاور منتقل کیا گیا، تاہم راستے میں پانچ بچے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں پانچ سال سے کم بتائی جاتی ہیں، جن میں تین بچیاں اور دو لڑکے شامل ہیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچے شاہ جی نامی شخص کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ بے ہوش ہونے والے دو بچوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جہاں انہیں مکمل نگرانی میں رکھا گیا ہے تاکہ بیماری کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیم نے متاثرہ بچوں کو فوری طور پر پشاور منتقل کیا، جہاں ان کی مکمل نگہداشت اور علاج معالجہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بچوں کے مختلف ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں، تاہم بیماری کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام وزیر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زیرِ علاج بچوں کے علاج معالجے، طبی رپورٹس اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر طبی عملے نے انہیں صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے متحرک ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے طبی ماہرین اس پراسرار بیماری کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ دونوں بچوں کو مزید طبی معائنے اور مکمل نگرانی کے لیے ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ واقعے نے علاقے میں تشویش پیدا کر دی ہے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بیماری کی وجوہات جلد از جلد معلوم کر کے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے۔

صحتپشاورخیبرحیات آباد میڈیکل کمپلیکسبازار ذخہ خیلضلع خیبرانعام وزیرقاضیانو کلےشاہد علی

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں