around.pk
Saturday, 21 November 2026
☀ کراچی 21°☀ لاہور 15°☀ اسلام آباد 13°
دنیا

فرانس نے تجارتی مراکز کے ریفریجریٹرز ہیک کرنے کا الزام ایران پر عائد کر دیا

فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی سائبر یونٹ نے سینکڑوں کاروباری مراکز کے فریج اور فریزرز کا درجہ حرارت تبدیل کر کے بڑا مالی نقصان پہنچایا، فرانس نے جوابی اقدامات اور نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا۔

around.pk·10 Nov 2026

فرانس نے ملک بھر میں سپر مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے ریفریجریشن نظام کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے۔ فرانسیسی حکومت کے مطابق ان حملوں کے پیچھے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی سائبر یونٹ ملوث تھی، جس نے سینکڑوں کاروباری مراکز کے فریج اور فریزرز کا درجہ حرارت تبدیل کر کے بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچایا۔

فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے پیرس میں جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ ان حملوں کے پیچھے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا ہاتھ تھا۔ انہوں نے ان سائبر حملوں کو غیر معمولی پیمانے اور جارحیت کا حامل قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ فرانس اس کارروائی کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑے گا۔ ان کے مطابق پیرس یورپی یونین کے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر ان حملوں میں ملوث ایرانی اداروں اور افراد پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کرے گا۔

فرانسیسی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر اضافی سرکاری اور غیر اعلانیہ اقدامات بھی کر سکتی ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی ممالک صنعت اور تجارت سے منسلک ڈیجیٹل نظاموں کے تحفظ کو ترجیح دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تجارتی مراکز میں استعمال ہونے والے ریفریجریشن نظام انٹرنیٹ سے منسلک ہوتے ہیں اور درجہ حرارت میں معمولی تبدیلی بھی محفوظ اشیائے خوردونوش کو خراب کر کے کاروبار کو بھاری نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس طرح کے واقعات صنعتی اور تجارتی اداروں کے لیے سائبر تحفظ کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔

ایران کی جانب سے ان الزامات پر اب تک کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے سائبر حملے بین الاقوامی سطح پر تناؤ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ کے حوالے سے نئی بحث کا سبب بن سکتے ہیں۔

اب تک کی کہانی یورپی یونین

  1. وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کی قیادت سے ملاقات، تجارت اور جی ایس پی پلس پر بات چیت
پوری ٹائم لائن دیکھیں →

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں