لاہور پولیس کی جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑی کارروائی، چار ہزار سے زائد مقدمات درج
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بتایا کہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اب تک چار ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

لاہور پولیس جعلی نمبر پلیٹس کے استعمال اور اپنی شناخت چھپانے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ایک آن لائن کھلی کچہری کے دوران فیس بک لائیو کے ذریعے شہریوں سے براہِ راست رابطہ کیا اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اپنی شناخت چھپا کر وارداتیں کرتے اور بعد ازاں فرار ہو جاتے تھے۔ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی اور جرائم کی روک تھام کے لیے لاہور پولیس نے بھرپور کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں، جن کے دوران اب تک چار ہزار سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
فیصل کامران نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر مانیٹرنگ کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں سہولت مل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیوں کا بنیادی مقصد جرائم پیشہ عناصر کے لیے شناخت چھپانے اور قانون سے بچ نکلنے کے راستے بند کرنا ہے۔ ان کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے ان کارروائیوں پر تنقید کی جا رہی ہے، تاہم جرم چھوٹا ہو یا بڑا، جرم ہی ہوتا ہے، اور قانون کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
آن لائن کھلی کچہری میں شادباغ کے رہائشیوں نے لڑائی جھگڑوں اور منشیات فروشی سے متعلق شکایات پیش کیں، جبکہ کاہنہ میں آئس سمیت دیگر منشیات کی فروخت کی نشاندہی بھی کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ افسران کو شکایات کی جانچ اور فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشی بالخصوص آئس کا کاروبار نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہے، لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ عوامی آراء کی روشنی میں مسائل کی نشاندہی کی جاتی ہے، متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے جاتے ہیں اور کارروائی پر پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ شہریوں کی تجاویز پولیسنگ کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ کیا جائے گا اور لاہور کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ قانون پسند شہری بھی شناخت چھپانے کے خلاف ان کارروائیوں کو سراہ رہے ہیں کیونکہ یہ اقدامات جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔










