around.pk
Sunday, 1 November 2026
☀ کراچی 33°☀ لاہور 28°⛅ اسلام آباد 26°
کاروبار

پاکستان میں گیس بحران مزید بڑھ گیا، نئے گھریلو کنکشن پر پابندی غیر معینہ مدت تک بڑھا دی گئی

سوئی گیس کمپنی نے گیس کی بڑھتی ہوئی قلت کے باعث نئے گھریلو کنکشن پر عائد پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اس ماہ سے کمرشل صارفین کو بھی نئے کنکشن نہیں دیے جا رہے۔ ہزاروں افراد فوری کنکشن کے لیے اضافی فیس ادا کرنے کے باوجود انتظار میں ہیں۔

around.pk·3h ago

ملک میں گیس کی بڑھتی ہوئی قلت کے باعث نئے کنکشن حاصل کرنے کے منتظر صارفین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ سوئی گیس کمپنی نے گھریلو کنکشنز کی فراہمی پر عائد پابندی ختم کرنے کے بجائے اسے غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے نئے صارفین کے لیے گیس کی دستیابی کا معاملہ مزید غیر یقینی ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں ماہ سے کمرشل شعبے میں بھی نئے گیس کنکشنز کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت ہوٹلوں، تندوروں اور دیگر کاروباری صارفین کو بھی کنکشن نہیں دیے جا رہے، جبکہ ہزاروں افراد فوری کنکشن کے لیے اضافی فیس ادا کرنے کے باوجود انتظار میں ہیں۔

گیس کی دستیابی سے متعلق مشکلات کی ایک بڑی وجہ آر ایل این جی کی سپلائی میں تعطل بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق درآمدی گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ نظام میں طلب اور رسد کا فرق بھی مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سرد موسم کے آغاز کے ساتھ گیس کی کھپت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث پہلے سے موجود صارفین کو بھی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں نئے گھریلو کنکشنز کی بحالی کا معاملہ مزید غیر یقینی ہو گیا ہے اور محکمہ متعلقہ صورتحال پر فوری حل تلاش کرنے میں مصروف ہے۔

دوسری جانب سوئی گیس حکام کا مؤقف ہے کہ نئے کنکشنز پر پابندی کا فیصلہ وزارت پیٹرولیم کی جانب سے کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے بعد ہی گیس کنکشنز کی فراہمی دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

اسی موضوع پر مزید

سب دیکھیں →

مزید پڑھیں